کراچی خودکش حملے میں نشانہ بننے والے غیر ملکی کون ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

REUTERS

کراچی پولیس نے جمعے کی صبح کراچی کے علاقے لانڈھی میں دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنائے گئے پانچ غیر ملکیوں کی شناخت ظاہر کردی ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق خودکش حملے کا ہدف پانچ جاپانی شہری تھے جو لانڈھی میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں اپنے کام کی جگہ جا رہے تھے۔ وہ حملے میں محفوظ رہے کیونکہ وہ جس گاڑی میں سوار تھے وہ بلٹ پروف تھی۔

پولیس نے حملے میں ملوث دو دہشت گردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاع دی۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ لانڈھی میں مرتضیٰ چورنگی کے قریب اس وقت پیش آیا جب پانچ غیر ملکی شہری ہائی ایس وین میں سفر کر رہے تھے۔ پانچوں جاپانی محفوظ رہے تاہم ان کے ساتھ پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ زخمی ہوگیا ۔

جاپانی شہری زمزمہ کلفٹن میں اپنی رہائش گاہ سے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی طرف جا رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ جاپانی شہری دو سیکورٹی گارڈز کے ساتھ ایک وین میں سفر کر رہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے ان پر حملہ کردیا۔

ایک اور خودکش حملہ آور جو بیک اپ کے طور پر موجود تھا، اس کو شرافی گوٹھ پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔پولیس کے مطابق ابھی تک کسی گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو حملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

Related Posts