بیجنگ: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چینی ہم منصب سے ملاقات کے دوران ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے چینی تعاون کو سراہتے ہوئے سی پیک فیز 2 پر کام تیز کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
چینی ہم منصب سے ملاقات کے موقعے پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا فیز 1 انفراسٹرکچر کی تعمیر کے متعلق رہا جبکہ سی پیک فیز 2 اقتصادی زونز کی فعالیت سے تعلق رکھتا ہے۔ پاکستان مالی سال 26-2025 کے دورن چینی پانڈا بانڈ لانچ کرنے کا خواہاں ہے۔
دورانِ ملاقات پاک چین وزرائے خزانہ نے عالمی فورمز پر دونوں ممالک کے مابین تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کے دوران عالمی بینک کی رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں پاکستان کیلئے روڈ میپ پیش کیا گیاتھا۔
وزیر خزانہ کے حوالے میں شامل رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی معیشت 2047ء تک 300 ارب ڈالرز سے 3 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کی صلاحیت کی حامل ہے۔ وزیر خزانہ کا واشنگٹن میں چینی ٹی وی کو انٹرویو دینے کے دوران کہنا تھا کہ ہماری توجہ ٹیکس نیٹ میں اضافے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ چین نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا۔ اس وقت پاکستان طویل المدتی اور بڑے قرض کی تلاش میں ہے۔ اگلے آئی ایم ایف پروگرام میں کم از کم 6ارب ڈالرز درکار ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








