اسلام آباد: اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کے متعلق تحریک پیش کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آج ہونے والے ایوانِ زیریں کے اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کیا ہے جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدرِ مملکت کے خطاب کی مصدقہ نقل پیش ہوگی۔
وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جمعرات کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا، اس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے احتجاج اور شور شرابا بھی ہوا۔
دلچسپ طور پر صدر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے ریکارڈ ساتویں بار خطاب کیا۔ سال 2008 سے 2013 تک اپنے 5سالہ دور کے دوران آصف زرداری 6بار پارلیمنٹ سے خطاب کرچکے تھے۔
پارلیمنٹ کے جمعرات کو ہونے والے مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کو دعوت نامے بھی جاری کیے گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








