سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی قیادت مذاکرات کرے تو کوئی بعید نہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو رہائی مل جائے۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کے پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی قیادت بات چیت کرے تو عمران خان کی رہائی کوئی بڑی بات نہیں ہوگی۔ مذاکرات میں بڑی سے بڑی ناممکن باتیں ممکن ہوجایا کرتی ہیں۔
گفتگو کے دوران سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ”سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی بھی کوئی بڑی بات نہیں“۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 8فروری کے بعد ن لیگ اپنی کمزوریوں پر قابو پاچکی ہے جبکہ ضمنی انتخابات کے دوران تحریکِ انصاف کے ووٹر گھروں سے نہیں نکلے۔
سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ووٹ ڈالنے کیلئے جوش و جذبے کے ساتھ آئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی بات سمجھنے کی کوشش کی جائے گی۔ کسی کو منانا ہے تو اس کیلئے 10بار بھی جانا پڑا تو جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








