برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے مختلف اسٹیڈیمز کے نمائندوں نے پاکستان اور بھارت کے مابین ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اور روہت شرما کی قیادت میں بھارت کی ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز انگلینڈ میں ہونے کا امکان ہے۔ دی ٹیلیگراف کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے اسٹیڈیمز نے طویل عرصے سے نہ ہونے والی پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا۔
انگلینڈ کے کرکٹ اسٹیڈیمز کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کی خواہش کا اظہار بھارتی کپتان روہت شرما کی جانب سے حالیہ انٹرویو کے دوران دئیے گئے عندئیے کے بعد سامنے آیا۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ میں لارڈز اور اوول جیسے تاریخی انگلش کرکٹ گراؤنڈز کا ذکر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین گزشتہ کئی سال سے ٹیسٹ میچز نہیں ہوئے۔ آخری ٹیسٹ میچ دسمبر 2007 میں کھیلا گیا تھا جو ڈرا ہوا اور یہ 3 میچز پر مبنی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ تھا جس کے بعد بھارت نے یہ سیریز ایک صفر سے جیت لی تھی، لیکن پھر کبھی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔
یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے کرکٹ کمنٹیٹرز اور شائقین کی نظر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کی جانب سے بھی پاکستان یا بھارت کی بجائے کسی اور ملک میں سیریز کیلئے مثبت اشارے دئیے جانے کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








