لاہور: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ آج قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سیریز 1-1 سے برابر ہے کیونکہ راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرا پاکستان نے جیتا تھا اور تیسرے میں نیوزی لینڈ نے ہوم ٹیم کو شکست دے کر سیریز برابر کردی تھی۔
پاکستان کو میچ سے پہلے دو بڑے دھچکے لگے کیونکہ ان فارم محمد رضوان اور عرفان خان انجری کے باعث بقیہ میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔
بابر اعظم نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سیریز جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔
اپنے اوپننگ پارٹنر کی انجری کی وجہ سے بابر اعظم کو صائم ایوب کے ساتھ اوپننگ جوڑی بنانی ہوگی۔ عثمان خان رضوان کی جگہ لیں گے۔
فخر زمان اور عماد وسیم سیریز کا پہلا میچ کھیلیں گے۔ مڈل آرڈر میں آل راؤنڈر شاداب خان اور افتخار احمد شامل ہوں گے جب کہ اسامہ میر ابرار احمد کی جگہ لیں گے۔
نسیم شاہ کو آرام دینے کا امکان ہے کیونکہ وہ پچھلے میچوں میں پرفارم نہیں کرسکے تھے۔ شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر اور عباس آفریدی پیس اٹیک کریں گے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اسی اسکواڈ کو برقرار رکھنے کا امکان ہے جس نے گزشتہ میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








