گندم اسکینڈل، کیا درآمد کے وقت وزارتِ خوراک شہباز شریف کے پاس تھی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف
(فوٹو: آن لائن)

گندم اسکینڈل کی رپورٹ آج وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی جائے گی اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے بھی وزیراعظم کو آج طلب کر رکھا ہے تاہم درآمد کے وقت وزارتِ خوراک کا قلمدان خود وزیراعظم شہباز شریف کے پاس ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

نجی ٹی وی (ہم نیوز) کا اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ گندم درآمد کے وقت وزارتِ خوراک کا قلمدان اس وقت کے وزیراعظم شہباز شریف کے پاس تھا جو اب بھی ملک کے وزیراعظم ہیں۔ موجودہ حکومت کے پہلے 6ماہ میں 6لاکھ 90ہزار ٹن سے زائد گندم درآمد کی گئی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مارچ میں درآمد کے وقت وزیراعظم شہباز شریف خود وزارتِ خوراک کے انچارج تھے جبکہ رانا تنویر کو 3 اپریل کو نیشنل فوڈ سکیورٹی کا اضافی قلمدان دیا گیا۔ مارچ میں 57ارب 19کروڑ روپے سے زائد کی گندم درآمد کی گئی تھی۔

ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ نگران حکومت کے دور میں 225 ارب 78کروڑ روپے سے زائد کی گندم درآمد ہوئی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گندم اسکینڈل کیس میں مبینہ طلبی پر پیش ہونے کیلئے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے اسکینڈل پر تنقید کی تھی۔

Related Posts