کراچی کے گینگسٹر سے ایف بی آئی ایجنٹ بننے والے پاکستانی کی وطن واپسی

تازہ ترین

تازہ ترین

کامران فریدی
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے گینگسٹر سے ایف بی آئی ایجنٹ بننے والے پاکستانی نژاد امریکی شہری کامران فریدی 4 سال بعد امریکی ریاست فلوریڈا کی جیل سے رہا ہوگئے، جن کی وطن واپسی جلد ہوگی۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آرئی کے سابق ہائی پروفائل ایجنٹ کامران فریدی 4 سال بعد فلوریڈا کی جیل سے مشروط طور پر رہا ہوئے۔ ان کو امریکا کیلئے خطرناک کام کرنے پر امریکی شہریت دی گئی تھی جو منسوخ ہوچکی ہے۔

امریکا کی جو بائیڈن حکومت نے کامران فریدی پر شرط عائد کی ہے کہ وہ دوبارہ امریکا کا رخ نہ کریں اور رواں برس اگست تک پاکستان واپس چلے جائیں اور کامران فریدی کی جانب سے وطن واپسی کا وعدہ کرنے پر ہی ان کو رہائی دی گئی ہے۔

ماضی میں کامران فریدی نے گینگسٹر کے طور پر اپنی شناخت قائم کی لیکن جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے لگیں اور انہوں نے امریکا کا رخ کر لیا۔ کامران فریدی 90 کی دہائی سے ایف بی آئی کیلئے کام کررہے تھے، مسلم ممالک میں امریکا کے اہداف پورے کیے۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق کامران فریدی نے مسلمان ممالک میں انسدادِ دہشت گردی کے حساس ٹاسک پورے کرنے پر امریکی شہریت حاصل کی۔ امریکی ادارے کی ہدایت پر کراچی کے تاجر جابر موتی والا کو پھنسانے اور لندن گرفتاری میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ کے مطابق کامران فریدی 2009 سے 2013 تک جابر موتی والا کو پھنسانے کیلئے امریکی حکام کے ساتھ مل کر سازش میں ملوث رہے اور جابر موتی والا سے روسی مافیا کے کارندے کے طور پر جعلی ملاقات بھی کی اور اسی کی بنیادپر موتی والا گرفتار ہو گئے۔

ایف بی آئی کو کامران فریدی کی جابر موتی والا کے وکلاء سے فون پر ہونے والی گفتگو سے پتہ چلا کہ کامران فریدی جابر موتی والا کے خلاف سازش کا بھانڈا پھوڑ دیں گے، اور وہ برطانوی عدالت کو بتانے والے تھے کہ ان کو جابر موتی والا کے خلاف جھوٹا بیان دینے پر کس نے اکسایا۔

تاجر جابر موتی والا منی لانڈرنگ، بھتہ خوری اور ڈی کمپنی سے رابطوں کے الزامات کے تحت گرفتار ہوئے تھے۔ کامران فریدی نے ایف بی آئی کو دھمکایا کہ وہ برطانوی عدالت میں موتی والا کی بے گناہی ثابت کریں گے۔ ایف بی آئی کو دھمکانے پر ہی انہیں جیل ہوگئی تھی۔

Related Posts