کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے جنگلوں میں آتشزدگی کے باعث ہزاروں افراد گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ کینیڈین حکومت نے باقی ماندہ رہائشی افراد کو بھی متاثرہ علاقوں سے نکل جانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق برٹش کولمبیا کے شمال مشرقی حصوں میں رہنے والے افراد کو موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک فوری طور پر گھر چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ جنگلوں میں لگنے والی آگ کے باعث ہزاروں افراد نے پہلے ہی متاثرہ علاقے چھوڑ دئیے۔
جمعہ کے روز شروع ہونے والی یہ لہر اگلے ہی روز دو گنا شدت اختیار کر گئی اور آگ نے 4 ہزار 200 ایکڑ پر محیط رقبے کو گھیر لیا۔ این بی سی نیوز کے مطابق آگ فورٹ نیلسن شہر سے چند ہی میل کی دوری تک جا پہنچی ہے۔
مقامی افراد کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھروں کے قریب لگی جنگلوں کی آگ سے گھنا دھواں آسمان کی جانب بلند ہورہا ہے۔ کچھ تصاویر میں دھند نے وسیع علاقے کو گھیر رکھا ہے۔
تشویشناک طور پر علاقے میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں طبی سہولیات میسر نہیں، نہ ہی ضروریاتِ زندگی کی اشیاء دستیاب ہیں، جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو فوری طور پر گھر چھوڑ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میونسیپلٹی میئر راب فریزر کا کہنا ہے کہ فورٹ نیلسن شہر کے 3 ہزار500 باشندوں سے علاقہ خالی کرالیا گیا ہے اور پولیس گھر گھر جا کر یہ یقینی بنا رہی ہے کہ کوئی بھی شخص اپنے گھر پر موجود نہ ہو جسے آتشزدگی سے جان کا خطرہ ہوسکتاہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








