پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ہدایتکار، پروڈیوسر و اداکار نبیل ظفر نے شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ و بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو دوسری شادی کا مشورہ دے دیا۔
گزشتہ دنوں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی تھی جس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’جب میں نے اس بات پر یقین کیا کہ میں اکیلی ہی کافی ہوں تو میری زندگی اچھی گزرنے لگی‘۔
دریں اثنا نبیل ظفر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں ایک سیگمنٹ کے دوران اداکار سے ثانیہ مرزا کی وائرل ویڈیو سے متعلق سوال کیا گیا۔
پروگرام کے میزبان نے نیبل ظفر سے سوال کیا کہ ثانیہ مرزا کا ماننا ہیں کہ اُنہیں زندگی گزارے کے لیے کسی کی ضرورت نہیں بلکہ وہ اکیلی ہی کافی ہیں تو کیا آپ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں؟
نبیل ظفر نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ثانیہ مرزا کو دوسری شادی کا مشورہ دیا اور کہا کہ زندگی صرف ایک مرد یا عورت پر ختم نہیں ہوتی، ہمارا دینِ اسلام بھی یہی کہتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ جب وہ شخص آپ کو چھوڑ کر اپنی زندگی میں آگے بڑھ گیا ہے اور اُس نے اپنی نئی زندگی کی شروعات کرلی ہے تو پھر آپ کو بھی دوسری شادی کرلینی چاہیے کیونکہ تنہا زندگی نہیں گزرتی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہم انسانوں کو اسی لیے پیدا کیا ہے تاکہ ہم دُنیا میں اپنے خاندان بنائیں، ویسے تو ہر انسان اپنے لیے کافی ہے لیکن دنیاوی زندگی کے لیے خاندان یا ہمسفر کا ہونا لازمی ہے۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا نے اپنی ویڈیو میں بھارتی اداکارہ نشرت بھروچا کی فلم ’اکیلی‘ کی تشہیر کی تھی، یہ فلم سال 2023 میں ریلیز ہوئی تھی لیکن رواں سال اسے بھارتی آن لائن اسٹریمنگ سائٹ ’جیو سنیما‘ پر دوبارہ ریلیز کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








