کراچی میں رواں سال غیر روایتی طور پر شدید گرمی پڑ رہی ہے، جس نے کراچی کے شہریوں کو پریشان تو کیا ہی ہے، سخت حیران بھی کر رکھا ہے۔
لوگ حیران ہیں کہ ساحلی شہر ہونے کے باوجود اس بار کراچی میں اس قدر شدید گرمی کیوں پڑ رہی ہے، اس کا جواب ماہرین موسمیات نے دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی میں منگل کے دن گرمی اور حدت بڑھنے کی وجہ دراصل ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں متاثرہونے کے سبب گرمی کی لہربدستورجاری ہے، منگل کو شہرمیں دوپہر کے وقت تیز دھوپ اور نمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے شدید گرمی رہی اور لو کے تھپیڑے بھی چلے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تک بڑھا جس کی وجہ سے گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم موسم گرم ومرطوب ریکارڈ ہوسکتا ہے، بدھ اورجمعرات کو گرمی کا پارہ 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں پارہ کہیں پر 4 ڈگری، کہیں 6 اور کچھ اضلاع میں 8 ڈگری تک معمول کے درجہ حرارت سے زیادہ بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے، منگل کو سب سے زیادہ درجہ حرارت موہنجو دڑو میں 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








