بھارتی اداکار شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کا ویڈیو بیان حال ہی میں وائرل ہوا ہے جس میں ڈیزائنر گوری خان کا کہنا ہے کہ آریان خان شاہ رخ کی طرح مسلمان بنے گا۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور گوری خان کی شادی 30 سال سے زیادہ عرصہ قبل ہوئی تاہم شاہ رخ خان کے مسلمان ہونے کی وجہ سے گوری کے والدین ابتدائی طور پر شادی کے خلاف تھے جبکہ گوری خان نے ماضی میں کرن جوہر کے شو میں مذہب سمیت دیگر موضوعات پر بات چیت کی۔
ویڈیو میں گوری خان رتیک روشن کی سابق اہلیہ سوزین کے ساتھ کرن جوہر کے سوالوں کے جوابات دیتی نظر آتی ہیں۔ایک سوال پر گوری خان نے کہا کہ آریان خان میں شاہ رخ اس قدر پایا جاتا ہے کہ میرے خیال میں آریان خان اسلام کی پیروی کرے گا۔ وہ ہمیشہ یہی کہتا ہے کہ میں ایک مسلمان ہوں۔
شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے کہا کہ جب آریان یہ بات میری امی کو بتاتا ہے تو وہ تھوڑی غمزدہ ہوجاتی ہیں اور پوچھتی ہیں کہ اس کا کیا مطلب ہے؟ لیکن یہ سچ ہے۔ شاہ رخ خان میرے مذہب کی توہین نہیں کرتے کیونکہ ہماری زندگیوں میں ایک توازن ہے، میں بھی ان کے مذہب کا احترام کرتی ہوں۔
گوری خان نے کہا کہ مذہب کے احترام کایہ مطلب نہیں کہ میں مسلمان ہوجاؤں یا مذہب بدل لوں۔ مجھے اس پر یقین نہیں ہے۔ ہر شخص کی اپنی حیثیت ہوتی ہے اور اسے حق ہے کہ اپنا مذہب اختیار کرے۔ میری رائے یہ ہے کہ اس میں زور زبردستی نہیں ہونی چاہئے۔
دوسری جانب ماضی میں دئیے گئے ایک انٹرویو کے دوران بالی ووڈ کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ہم کبھی ہندو مسلم پر بحث نہیں کرتے۔ میری بیوی ہندو ہے، میں مسلمان اور میرے بچے اسکول جا کر مذہب سیکھتے ہیں۔ میری بیٹی نے مجھ سے مذہب کا پوچھا تو میں نے کہا کہ ہم بھارتی ہیں، کوئی مذہب نہیں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








