مودی کا دور ختم، 4 جون کو ہمیں فیصلہ کن اکثریت ملے گی، کانگریس کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

مودی کا دور ختم
(فوٹو: ہندوستان ٹائمز)

نئی دہلی: بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس  نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا دور ختم ہوا، 4 جون کو ہمیں فیصلہ کن اکثریت ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان کانگریس جے رام رمیش سمیت دیگر قائدین نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کانگریس کی انتخابی مہم بہت اچھی رہی جس میں عوام کو مثبت پیغام دیا گیا۔ ہم نے قوم کو 5 انصاف پر مبنی وعدے اور 25 گارنٹیاں دیں۔

پارٹی قائدین کی پریس کانفرنس کے دوران کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ ہم نے بھارت میں آئینی تحفظ کو ترجیح دی اور یہی وجہ ہے کہ 4جون کو اپوزیشن اتحاد کو فیصلہ کن اکثریت ملے گی۔ سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بھارتی الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی بات نہیں سنی۔

پریس کانفرنس کے دوران کانگریس رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم نے 77 روز میں الیکشن کمیشن کو 117 شکایات کیں۔ شکایات ضابطہ اخلاق سمیت کئی دیگر خلاف ورزیوں کے متعلق تھیں اور ان میں سے 14 شکایات وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف کی گئیں۔

کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ ہم نے دیگر بھارتی وزراء کے خلاف بھی شکایات کیں جن پر الیکشن کمیشن نے کارروائی نہیں کی۔ ہم نے گارنٹیوں کے ذریعے مزدوروں، جوانوں، کسانوں اور خواتین کو انصاف دینے کا وعدہ کیا۔ خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آج بھی مراقبے میں ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے مراقبے پر بھی تنقید کی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ 10 سال تک لوگوں کی توجہ منتشر کرنے والا شخص اب توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ مراقبے کا مقصد انسان کی توجہ ایک نکتے پر مرکوز کرنا ہوتا ہے۔

Related Posts