سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو سب سے پہلے سزا ہونی چاہئے، فیصل کریم کنڈی

تازہ ترین

تازہ ترین

فیصل کریم کنڈی
(فوٹو: اے پی پی)

لاہور: گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کو سب سے پہلے سزا ہونی چاہئے، واقعے کے تمام ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ہوگا۔

داتا کی نگری لاہور میں مزارِ اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اپنی ذمہ داری بہتر طور پر نبھانا میری کوشش ہوگی اور ہم سب مل کر ملک کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔ بطور گورنر میں وفاق کا نمائندہ ہوں۔

گفتگو کے دوران گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ میرا فرض ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھاؤں۔ گورنر ہاؤس کو سازش کا گڑھ نہیں بننے دیں گے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران انہیں صوبے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور جلسوں میں دھمکی دیتے ہیں۔

گورنر کے پی کے نے کہا کہ کوئی کسی کو دوسرے صوبے میں جانے سے نہیں روک سکتا، پورا پاکستان ہر کسی کا ہے۔ پہلے میں نے وزیرا علیٰ سے سختی کی، میری علی امین گنڈا پور سے ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ میں نے لفظی جنگ ختم کی اور وزیر اعلیٰ کے پی کے کو کھانے کی دعوت بھی دی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری جلد کے پی کے کا دورہ کریں گے۔ پی ٹی آئی والے چوری کے ساتھ ساتھ سینہ زوری بھی کرتے ہیں۔ 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ کو سزا ہونی چاہئے۔ اگر پی ٹی آئی سیاستدانوں سے بات کرنا چاہے تو ہم تیار ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے بات کیلئے کچھ نہیں کرسکتے۔

Related Posts