کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے سالانہ انتخابات برائے سال 2024-25 میں فرینڈز پینل نے 10 اور دی ڈیمو کریٹس پینل نے 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی، جبکہ صدر اور سیکرٹری کی نشستیں ڈیموکریٹس کے نام رہیں۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے انتخابات میں پہلی بار بڑی تعداد میں رائے دہندگان نے حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ اس بار 6 خواتین امیدواروں نے بھی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔
دی ڈیموکریٹس پینل کے صدر کے امیدوار حامد الرحمن اعوان نے 327 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی جبکہ مدمقابل فرینڈز پینل کے احمد دراز خان نے 257 ووٹ حاصل کیے۔
نائب صدور کی 2 نشستو ں پر دی ڈیموکریٹس پینل کے عاصم بھٹی 312 اور فرینڈز پینل کے کفیل الدین فیضان 333 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ اسی طرح خزانچی کی نشست کے لیے فرینڈز پینل کے وکیل الرحمن 342 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مد مقابل دی ڈیموکریٹس پینل کے سید بلال طاہر نے 228 ووٹ حاصل کیے۔
سیکرٹری کی نشست پر دی ڈیموکریٹس پینل کے سید نبیل اختر 283 ووٹ لے کر کامیاب قرارپائے۔ ان کے مد مقابل فرینڈز پینل کے منصور احمد قریشی نے 269 ووٹ حاصل کیے۔ جو ائنٹ سیکرٹری کی 2 نشستوں کے لیے دی ڈیمو کریٹس پینل کے حماد حسین 320 اور فرینڈز پینل کے سہیل رب خان 270 ووٹ لے کر کامیا ب قرار پائے۔
انفارمیشن سیکر ٹری کی نشست پر فرینڈز پینل کے ایس ایم اشرف 303 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ ڈیموکریٹس کی فہمیدہ یوسفی نے 278 ووٹ حاصل کیے۔
اسی طرح ممبر گورننگ باڈی کی 9 نشستوں میں سے 6 نشستوں پر فرینڈز پینل اور 3 پر ڈیمو کریٹس نے کامیابی حاصل کی۔ فرینڈز پینل کی کشمالہ نجیب نے 349 ووٹ، عرشی عباس نے 305، انعم رزاق 302، مصباح لغاری 297، علی شیر (منصور کھوکھر) 296، مہوش رضا 290، رباب ابراہیم 289، راجا عمران 289 ووٹ اور فیضان خانزادہ نے 286 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔
سالانہ انتخابات برائے سال 2024-25ء کے لیے پولنگ یکم جون بروز ہفتہ صبح 9 تا شام 5 بجے بغیر کسی وقفے کے کراچی پریس کلب میں جاری رہی۔ انتخابات میں دی ڈیموکریٹس پینل، فرینڈز پینل اور آزاد امیدواروں نے حصہ لیا۔
کراچی یو نین آف جرنلسٹس دستور کے 629 ارکان نے انتخابی عمل میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابات کے موقع پر حسب روایت ووٹ ڈالنے کے لیے کے یو جے کا کارڈ دکھانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








