میانوالی میں مسافر کوچ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ،3 افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: اسکرین گریب)

پنجاب کے  تاریخی شہر میانوالی میں مسافر کوچ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ عیسیٰ خیل کے علاقے میں پیش آیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں ملزمان نے مسافر کوچ پر گولیاں برسائیں، فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے۔ عیسیٰ خیل کے علاقے کلور شریف میں پیش آنے والے واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خاندانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ جاں بحق اور زخمی افراد مندہ خیل سے تعلق رکھتے ہیں جو کچہری عیسیٰ خیل سے واپس جاتے ہوئے نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

خاندانی دشمنی سے مراد؟

ملک کے مختلف شہروں میں قتل غیرت کے نام پر بھی ہوتے ہیں اور کبھی خاندانی دشمنی کے باعث بھی کیے جاتے ہیں۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے دو گروہ جب آمنے سامنے آتے ہیں تو ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جاتی ہے۔

اگر ایسی ہی کسی فائرنگ کے نتیجے میں کوئی شخص جاں بحق ہوجائے تو اس کا بیٹا یا بھائی اس کا بدلہ لینے کیلئے آگے آتا ہے اور قاتل کو ڈھونڈ کر اپنے ہاتھوں سے قتل کرتا ہے۔ بڑھتی ہوئی جہالت کے باعث عموماً ایسی دشمنیوں میں واقعے کی رپورٹ پولیس کو کرنا بزدلی سمجھی جاتی ہے۔

 

Related Posts