ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ آج ہوگا، ٹرمپ بھی میچ دیکھیں گے

تازہ ترین

تازہ ترین

پاک بھارت میچ
(فوٹو: ای ایس پی این، این بی سی)

نیویارک: امریکا میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاک بھارت میچ آج ہوگا، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں پہنچیں گے جنہیں خصوصی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ آج نیو یارک کے نساؤ کاؤنٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ آج رات 10 بجے شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز اچھا نہیں کرسکی۔

آغاز میں قومی کرکٹ ٹیم کو امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست ہوئی جسے ٹی 20 ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ قرار دیا گیا تھا۔ قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 159 رنز بنائے تھے، جواباً مقررہ 20اوورز میں امریکی ٹیم نے 159رنز بنا کر میچ برابر کردیا۔

میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا اور پاکستان نے شکست کھائی جبکہ بھارتی ٹیم آئرلینڈ کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ کا فاتحانہ آغاز کرچکی ہے۔ آج پاک بھارت میچ میں بارش کے امکانات 51 فیصد ہے جو میچ کے آغاز کے 30 منٹ بعد ہوگی۔

بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ دن کے وقت رکھا گیا ہے، اس لیے بارش کی صورت میں اضافی وقت دیا جائے گا اور اس بات کے کافی امکانات ہیں کہ شائقین پورے 20 اوور کا میچ دیکھ سکیں گے۔

Related Posts