عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی بریت سپریم کورٹ میں چیلنج

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں بریت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے  ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کردیں اور مؤقف اپنایا کہ ہائی کورٹ کو سائفر کیس میں اپیل کی سماعت کا اختیار ہی نہیں، یہ اصول ہے کہ جب پارلیمنٹ قانون میں کوئی بات نہ لکھے تو عدالتی فیصلے کے ذریعے اس میں اضافہ نہیں ہوسکتا۔

حکومت کے مؤقف کے مطابق عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے سائفر ٹرائل کے دوران تعاون نہیں کیا، ریکارڈ سے ثابت ہے کہ دونوں ملزمان نے ٹرائل کے دوران 65 متفرق درخواستیں دائر کیں، متعدد بار ملزمان کی استدعا پر سماعتیں ملتوی ہوتی رہیں، گواہان پر جرح بھی نہیں کی گئی۔

مؤقف کے مطابق کسی ٹرائل میں قانونی تقاضے پورے نہ ہوں تو معاملہ دوبارہ ٹرائل کے لیے بھیجا جاتا ہے، سائفر کیس میں استغاثہ کے شواہد ٹھوس تھے، استغاثہ نے سائفر کیس میں دستاویزی اور فارنزک ثبوت پیش کیے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹھوس شواہد کو مدنظر نہیں رکھا۔.

وفاقی حکومت نے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 جون کے سائفر کیس میں بریت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کی جائیں۔خیال رہے کہ 3 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کی بریت کا فیصلہ سنایا تھا۔

Related Posts