برطانوی بادشاہ چارلس نے ممتاز پاکستانی بزنس مین آصف رنگون والا کو سی بی ای (کمانڈر آف برٹش ایمپائر) کے اعزاز سے نوازا ہے۔
بدھ کے روز عالمی میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق آصف رنگون والا نے یہ اعزاز انسانیت کیلئے اپنی خدمات کے اعتراف میں حاصل کیا۔ آصف رنگون والا کا نام شاہ چارلس کی سالگرہ پر آنرز لسٹ 2024 میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
اعزاز کے بعد بیان
پاکستانی میڈیا سے اعزاز ملنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آصف رنگون والا کا کہنا تھا کہ کنگ چارلس نے مجھے کمانڈ آف برٹش ایمپائر سے نوازا جو اعزاز کی بات ہے۔ پاکستانی نژاد شہری برطانوی معاشرے کا حصہ بن کر نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
آصف رنگون والا کون؟
کراچی میں پیدا ہونے والے آصف رنگون والا کا تعلق ایک میمن خاندان سے ہے جن کا پیشہ تجارت رہا اور اب آصف رنگون والا برطانوی شہریت کے حامل ہیں۔ خوراک، جائیداد اور کھیل کے شعبوں میں دلچسپی رکھنے والے آصف رنگون والا ایک کامیاب کاروباری شخصیت ہیں۔
کاروبار کے ساتھ ساتھ آصف رنگون والا انسانی ہمدردی اور فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اپنے والد کی بنائی ہوئی رنگون والا فاؤنڈیشن کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں۔
برطانیہ میں آصف رنگون والا نے یوروبنز لمیٹڈکی بنیاد رکھی جو صنعتی بیکنگ کے شعبے میں ایک اہم نام بن گیا جس کیلئے انہیں کوینز ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بعد ازاں یہ کمپنی مئی 2008 میں لینٹمنن یونی بیک کو فروخت کردی گئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








