چودھری اسلم کا اہم ساتھی، سی ٹی ڈی افسر علی رضا دہشت گرد حملے میں جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ٹریبیون

کراچی میں فائرنگ سے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن علی رضا جاں بحق ہوگئے۔ بہادر پولیس افسر چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی تھے، لیاری گینگ وار سمیت دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں حصہ لے چکے ہیں۔

ملزمان نے کریم آباد کے علاقے میں علی رضا کو نشانہ بنایا، گولی لگنے سے علی رضا شدید زخمی ہوئے، انھیں زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

عینی شاہد کے مطابق سی ٹی ڈی افسر پر فائرنگ موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے کی۔ حملہ آوروں نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے، علی رضا گاڑی سے اتر کر گیٹ کی طرف آئے تو ملزمان نے فائرنگ کردی، تین گولیاں علی رضا کو اور تین گارڈ کو لگیں۔

واقعے کے بعد جائے وقوع پر اعلیٰ افسران اور کرائم سین یونٹ پہنچا اور نائن ایم ایم کے گیارہ خول برآمد کیے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے علی رضا کو ٹارگٹ کرکے سر میں گولیاں ماری گئیں، جس جگہ نشانہ بنایا گیا وہاں علی رضا روزانہ آتے تھے۔ ڈی ایس پی جیسے ہی شکیل کارپوریشن میں داخل ہوئے ان پر فائرنگ کردی گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ علی رضا ایک حملے میں مارے جانے والے پولیس افسر چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی تھے۔ علی رضا نے لیاری گینگ وار اور دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں حصہ لیا تھا، علی رضا سی ٹی ڈی سمیت مختلف تھانوں کے ایس ایچ او بھی تعینات رہ چکے تھے۔

Related Posts