کراچی: کمپنی کے سی ای او کو قتل کرنے والے سافٹ وئیر انجینئر کا بیان سامنے آیا ہے، ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے چھری آفس کے کچن سے اٹھائی تھی۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شارعِ فیصل پر واقع پلازہ میں گزشتہ روز سافٹ وئیر ہاؤس کے سی ای او کو قتل کردیا گیا۔ ملزم شعیب کا کہنا ہے کہ کمپنی 3 ماہ سے تنخواہ نہیں دے رہی تھی۔ مجھے ذہنی دباؤ کی بیماری ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم شعیب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے ایک ماہ تک ہسپتال میں داخل ہونے کی ہدایت کی۔ میں بیماری کے باعث دو ہفتے بعد آفس گیا اور سی ای او سے اپنی رُکی ہوئی تنخواہ مانگی۔ مجھے ڈیڑھ گھنٹے انتظار کروایا گیا اور طنز بھی کیا۔
ملزم شعیب نے کہا کہ آخر میں کہا گیا کہ تنخواہ نہیں مل سکتی۔ میں دفتر کے کچن سے چھری اٹھا کر لایا اور اسی سے وار کرکے سی ای او نوید کو قتل کردیا۔ مقتول نے مجھے دھکا بھی دیا تھا۔ کمپنی میں جنوری کے بعد 2 سے 3 ماہ بعد جا کر ایک تنخواہ دی جاتی ہے۔
شعیب کا کہنا ہے کہ میں 7ماہ سے کمپنی میں سافٹ وئیر انجینئر کے طور پر ملازمت کر رہا تھا۔ خیال رہے کہ مقتول نوید خان غیر ملکی سافٹ وئیر کمپنی کے پاکستان آفس کا سی ای او تھا جسے گزشتہ روز قتل کیا گیا۔ ملزم شعیب کمپنی کا سابق ملازم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








