انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کے حکومتی فیصلہ غیرآئینی قرار دے دیا، جبکہ پی ٹی آئی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کا اعلان عطا تارڑ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں مقدمہ درج کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی اور پاکستان ایک ساتھ نہیں رہ سکتے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اور سابق صدر عارف علوی کے خلاف بھی آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
اس حوالے سے انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کے حکومتی فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی تو سیاسی افراتفری کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔
ایچ آر سی پی نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کو ترجیح بنائے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے، اس پر پابندی کے فیصلے کو فوری واپس لینا چاہیے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی نے بھی حکومتی فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایک سیکنڈ کیلئے بھی اس فیصلے پر عمل نہیں ہونے دیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








