کراچی: شدید گرم موسم کے درمیان گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران کراچی بھر سے 15 لاشیں ملی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاشیں لیاری، کورنگی لسبیلہ اور بندرگاہی شہر کے دیگر علاقوں سے ملی ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لاشیں نشے کے عادی افراد کی ہیں جو نشہ کی زد میں رہتے ہوئے شدید گرمی کے باعث جاں بحق ہوئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ 15 میں سے دو افراد ہیٹ اسٹروک کے باعث انتقال کر گئے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات کراچی میں جولائی کی گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی۔کراچی میں جولائی کی گرم ترین رات نے 32.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
اس نے پچھلے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، جہاں درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔اس سے قبل 17 جولائی کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا، جو کراچی کے لیے جولائی میں رات کے وقت کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
شہر میں آج جزوی طور پر ابر آلود موسم برقرار ہے کیونکہ سمندری ہوائیں معطل ہیں اور پارہ آج 39 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے جس سے گرمی کا احساس مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔
شہر میں گرمی کی شدت برقرار رہی، بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








