وفاقی حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مابین کامیاب مذکرات کے بعد معاہدہ طے پا گیا، جس کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا۔
فریقین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ معاہدے میں طے پایا ہے کہ پاکستان نیتن یاہو کو دہشت گرد قرار دے کر عالمی برادری سے اسرائیلی مظالم کے سد باب کا مطالبہ کرے گا، ساتھ ہی پاکستان تمام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے گا۔
معاہدے کے مطابق فلسطین میں پاکستان کی امداد بڑھائی جائے گی، حکومت فی الفور فلسطین کو غذائی امداد بھیجے گی۔
معاہدے کے مطابق حکومت 31 جولائی تک ایک ہزار ٹن تک طبی اور غذائی امداد فلسطین بھیجے گی۔ معاہدے میں یہ بھی شامل ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کرے گی۔
معاہدے پر حکومت کی جانب سے رانا ثناء اللہ اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے دستخط ہیں جبکہ تحریک لبیک کی جانب سے ڈاکٹر شفیق امینی اور علامہ غلام عباس فیضی نے دستخط کیے۔
نجی چینل جیو نیوز کے مطابق ٹی ایل پی نے فلسطین کے حوالے سے اپنے مطالبات منوانے کے لیے گزشتہ کئی روز سے اسلام آباد کے فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا دیا ہوا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








