حکومت کی بدترین غفلت، کرپشن میں ملوث سینکڑوں اشتہاری سرکاری افسران ملک سے فرار

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو پاکستان ٹوڈے

حکومت اور متعلقہ اداروں کی نا اہلی اور غفلت کے باعث عوام کو لوٹنے والے 950 کرپٹ اشتہاری سرکاری افسران ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق یہ تمام کرپٹ اور بد دیانت افسران اور اہلکار کرپشن، رشوت ستانی اور کمیشن خوری میں متعلقہ اداروں کو تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لئے مطلوب تھے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ تمام اہلکار اور افسران پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت ملک کے دیگر ہوائی اڈوں سے ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

نجی چینل جی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ان اہلکاروں اور افسران کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں مختلف کیسز زیر تفتیش تھے۔

تاہم محکمے کی جانب سے بروقت کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے یہ تمام مطلوب افسران ملک سے بحفاظت بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

ان تمام افسران کا ملک سے بحفاظت فرار وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ تمام کرپٹ اور مطلوب افراد امریکا، کینیڈا اور یورپ کے مختلف ممالک کی طرف نکل گئے ہیں۔

فرار ہونے والے افسران میں محکمہ پولیس، محکمہ مال، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، عدلیہ، واسا اور دیگر سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں۔

Related Posts