پیرس اولمپکس، پاکستانی سوئمر جہاں آرا نبی کا سفر ختم، علی ظفر کا اظہارِ تحسین

تازہ ترین

تازہ ترین

جہاں آرا
(فوٹو: آن لائن)

پیرس اولمپکس میں پاکستانی سوئمر جہاں آرا نبی کا سفر ختم ہوگیا، ویمن کے 200 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ مقابلوں میں جہاں آرا نبی 26ویں نمبر پر آئیں، معروف گلوکار علی ظفر نے جہاں آرا نبی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہاں آرا نبی 200 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ کے مقابلوں میں 30 سوئمرز میں سے 26ویں نمبر پر رہیں اور ٹاپ 16 میں شامل نہیں ہوسکیں، تاہم اپنی ہیٹ کے 7 پلیئرز میں جہاں آرا نبی کاتیسرا نمبر رہا۔

پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ جہاں آرا نبی نے پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس پر مجھے فخر ہے ۔ اپنے بچوں کو خوش دیکھنے کیلئے انہیں اپنے خوابوں کا تعاقب کرنے دیں۔ اپنی رائے مسلط نہ کریں۔

بعض سوشل میڈیا صارفین نے جہاں آرا نبی کی ہمت اور حوصلے کی داد نہیں دی۔ ایک سوشل میڈیا صارف کے ایسے ہی حوصلہ شکن پیغام کا جواب دیتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ جہاں آرا نبی نے لاکھوں سوئمرز میں سے 26واں مقام حاصل کیا ہے۔ دوسروں میں اچھائی تلاش کریں۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ آپ کو دوسروں کی خوشی میں خوش رہنے کا سلیقہ آنا چاہئے۔ اپنا ذہن کشادہ کرنا سیکھیں، سوال کرنے والی بات یہ ہے کہ اگر ہم اس مرحلے سے نہیں گزریں گے تو اعلیٰ مقام تک کیسے پہنچیں گے؟

Related Posts