چیٹ جی پی ٹی بچوں اور بڑوں کی تعلیم کیلئے کیسے مددگار ہوسکتا ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

چیٹ جی پی ٹی
(فوٹو: وائس آف یوتھ)

عوام کی بڑی تعداد آج کل چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتی ہے، لیکن ملک کے بے شمار لوگ آج بھی یہ نہیں جانتے کہ چیٹ جی پی ٹی کیا ہے اور کس طرح یہ بچوں اور بڑوں کی تعلیم میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

سب سے پہلی بات یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کا استعمال بہت آسان ہے۔ تعلیم کے بنیادی تصورات اچھا، برا، چھوٹا بڑا، رنگ، دنوں اور مہینوں کے نام، مختلف ثقافتیں، مذاہب اور فلسفوں کے متعلق بنیادی معلومات چیٹ جی پی ٹی سے لی جاسکتی ہیں۔

یہاں یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کسی مذہب کے متعلق بنیادیات سمجھا سکتا ہے کہ وہ مذہب کتنے خداؤں پر یقین رکھتا ہے، اس کی اخلاقی اور مذہبی تعلیمات کیا ہیں؟ اہم مذہبی شخصیات کون کون سی ہیں، وغیرہ، لیکن یہ غلطی کرسکتا ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کا بنیادی استعمال

سب سے پہلے تو چیٹ جی پی ٹی کا ایڈوانسڈ استعمال سیکھنا کار آمد ہوسکتا ہے، لیکن اگر آپ کی تعلیم اتنی نہیں تو سب سے پہلے انگریزی میں سوال و جواب کرنا سیکھیں۔ اگر انگریزی نہیں آتی تو اپنا سوال اردو میں لکھیں، گوگل سے ٹرانسلیٹ کرکے چیٹ جی پی ٹی کو دے دیں۔

جو جواب آئے اسے اردو میں ترجمہ کرلیں تو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ اگر جواب مبہم لگے تو چیٹ جی پی ٹی سے مزید وضاحت حاصل کی جاسکتی ہے۔ کبھی کبھی سوال کا جواب غلط بھی ہوسکتا ہے، لیکن اس پر تحقیق کیلئے گوگل موجود ہے۔ چیٹ جی پی ٹی پر 100فیصد بھروسہ بھی اچھا نہیں۔

تعلیم میں مدد 

ایک بات نوٹ کرنے کی یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی ریاضی یعنی میتھس نہیں جانتا۔ ہاں، بنیادی معلومات رکھتا ہے اور اندازوں کی بنیاد پر جواب بھی دے دیتا ہے۔ یہاں ایک اہم سوال یہ ہے کہ تعلیم میں مدد کیسے لی جاسکتی ہے؟ تو ایک ٹیسٹ کیس سے یہ مسئلہ آسان ہوجائے گا۔

ٹیسٹ کیس کے طور پر چیٹ جی پی ٹی سے پوچھا جاسکتا ہے کہ میں گرافکس ڈیزائنر کیسے بنوں؟ یا مجھے ویب ڈیزائننگ سیکھنی ہے۔ پائتھن پروگرامنگ کرنی ہے، مجھے فلسفے کا لیکچرر بننا ہے، کوئی بھی کام کرنا ہے، اس کیئے مجھے شروع سے لے کر آخر تک مکمل راستہ چاہئے۔

جواب ملے گا کہ جو بننا چاہتے ہو، اس کیلئے راستہ موجود ہے۔ مثال کے طور پر گرافک ڈیزائنر بننے کیلئے پہلے رنگوں کا تصور سمجھیں۔ سافٹ وئیر پر ہاتھ صاف کرنے سے پہلے مختلف ڈیزائن دیکھیں اور سمجھنے کی کوشش کریں کہ کیا واقعی آپ کو یہی کرنا ہے؟

اگر جواب ہاں میں ہے تو مختلف سافٹ وئیر سیکھیں۔ ایڈوبی فوٹو شاپ، السٹریٹر اور دیگر سافٹ وئیر کے نام مل جائیں گے۔ چیٹ جی پی ٹی سے پوچھا جاسکتا ہے کہ میں یہ سافٹ وئیر کیسے چلاؤں۔ تو اس کی معلومات بھی دستیاب ہوجائیں گی۔ یوں معلومات کا یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔

اہم ترین بات

سب سے اہم بات یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی سے مذاق اور روزمرہ کی بات چیت کی جاسکتی ہے لیکن ذاتی معلومات دینے سے گریز کریں۔ کوشش کریں کہ مختلف سوالات پوچھ پوچھ کر مختلف ابواب پر مشتمل ایک مکمل کتاب بنا لیں جو آپ کے تمام سوالات کا جواب فراہم کرتی ہو۔

کوئی بات غلط لگے تو اس پر تحقیق کی جاسکتی ہے، بلکہ ہر باب جو آپ نے اپنے پسندیدہ مضمون کیلئے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے تشکیل دیا ہے، اسے تحقیق کے عمل سے گزاریں، ہر سوال کے جواب پر مزید سوالات کریں۔ یوں آپ کی اپنے مضمون پر گرفت مضبوط ہوتی چلی جائے گی۔

Related Posts