لاہور: عدالت نے پی ٹی آئی کی مینارِ پاکستان پر جلسے کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔ درخواست گزار نے جلسے کو ہر سیاسی جماعت کا حق قرار دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے مینارِ پاکستان پر 14اگست کوجلسے کی اجازت کیلئے درخواست کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے کی۔ درخواست گزار اکمل خان کا کہنا ہے کہ جلسہ ہر سیاسی جماعت کا آئینی و جمہوری حق ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ انتظامیہ نے مینار پاکستان پر 14اگست کو ہونے والے جلسے سے انکار کردیا۔ عدالت انتظامیہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ عدالت نے ضلعی انتظامیہ کے وکلا کے سامنے سوال اٹھایا کہ آپ کسی کو سیاسی سرگرمی سے کیسے روک سکتے ہیں؟
ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ آپ نے جلسوں کے حوالے سے کوئی پالیسی بنائی ہے؟ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ سیدھا جلسہ نہ ہونے دینے کا کہہ دیں۔ بعد ازاں عدالت نے مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت طلب کرنے کیلئے دی گئی درخواست پر ڈی سی لاہور سمیت دیگر فریقین سے کل تک جواب طلب کرلیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








