سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کے منشیات کے ٹیسٹ کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے تعلیمی اداروں میں بچوں کے ڈرگ ٹیسٹ کریں گے اور مثبت ٹیسٹ کی اطلاع صرف والدین کودی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے صدارت سنبھالتے ہی منشیات کے خاتمے کی ہدایات جاری کی تھیں، انھیں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ہے۔
انہوں نے انسداد منشیات کے لئے تشکیل کردہ ہائی پاورڈ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں بتایا کہ والدین اور اسکول انتظامیہ کو اعتماد میں لے کر تعلیمی اداروں میں بچوں کے ڈرگ ٹیسٹ کرنے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بچے کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں صرف والدین کو مطلع کیا جائے گا، بچے سے پوچھا جائے گا کہ اس کو منشیات کس نے فراہم کی، منشیات کے سپلائرز، ڈیلرز اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کی گرفتاری ہماری اولین ترجیح ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








