چیٹ جی پی ٹی موجودہ دور کی ایک ایسی ایجاد کہی جاسکتی ہے جس نے دنیا کے لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کی زندگیاں بدل کر رکھ دیں۔ علم کی پہلی سیڑھی سوال سے شروع ہوتی ہے اور چیٹ جی پی ٹی دنیا کے ہر انسان کو اس کے بے شمار سوالوں کے جوابات فراہم کرسکتا ہے۔
یہی وہ بہترین مقام ہے جہاں سے بے شمار لوگ بہت کچھ سیکھ کر اپنی زندگیاں بدل سکتے ہیں اور زندگیاں بدل رہی ہیں۔ درجنوں افراد کو یہ گلہ بھی ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے ان کی نوکریاں ختم کردیں لیکن عین اسی وقت بے شمار لوگ اسی چیٹ جی پی ٹی سے فیضیاب بھی ہورہے ہیں۔
کچھ سوال ایسے ہوتے ہیں جو کسی بھی صاحبِ علم کو حیرت انگیز جوابات دینے پر مجبور ہوتے ہیں۔ کچھ ایسے ہی سوال جب چیٹ جی پی ٹی سے پوچھے گئے تو ان کا حیرت انگیز جواب سامنے آیا۔ ذیل میں ہم ایسے ہی چند سوال قارئین کے سامنے رکھ رہے ہیں جن کے جوابات بھی مہیا کردئیے گئے ہیں۔
پہلا سوال یہ ہے کہ دنیا کا سب سے خطرناک جانور کون سا ہے؟ جواب یہ ہے کہ مچھر دنیا کا خطرناک ترین جانور ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ملیریا اور ڈینگی جیسے امراض پھیلتے ہیں اور سالانہ لاکھوں افراد ایسے ہی امراض کا شکار ہو کر موت سے ہمکنار ہوجاتے ہیں، اس لیے مچھر خطرناک ترین ہے۔
دوسرا سوال یہ ہے کہ زمین پر سب سے مہنگا مادّہ کون سا ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ اینٹی میٹر سب سے مہنگا ہے جس کی قیمت کا تخمینہ 62اعشاریہ 5ٹریلین پر گرام لگایا گیا ہے کیونکہ اس سے ہائی انرجی ری ایکشن جنم لیتے ہیں۔
تیسرا سوال یہ ہے کہ کیا آسمانی بجلی ایک ہی جگہ پر دو بار گر سکتی ہے؟ جواب یہ ہے کہ آسمانی بجلی ایسا کرسکتی ہے اور اکثر ایسا کرتی بھی ہے۔ ایک ہی جگہ پر آسمانی بجلی ایک یا دو بار نہیں بلکہ متعدد مرتبہ بھی گرتی دیکھی گئی ہے جس کیلئے بلندوبالا عمارات آسان ہدف ہوسکتی ہیں۔
چوتھا سوال یہ ہے کہ انسانی تاریخ میں سب سے مہلک واقعہ کیا تھا؟ جواب یہ ہے کہ 1918 میں اسپینش فلو کی وبا پھیل گئی جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں 5 کروڑ افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ پہلی اور دوسری جنگِ عظیم سے مجموعی طور پر بھی اتنی زیادہ اموات نہیں ہوئی تھیں۔
پانچواں سوال یہ ہے کہ کیا زمین پر کوئی ایسا مقام بھی ہے جہاں مرنا غیر قانونی ہو؟ جواب یہ ہے کہ ناروے میں لانگ یربائن ایک ایسا مقام ہے جہاں مرنا غیر قانونی ہے کیونکہ وہاں برفانی صورتحال کے باعث انسانی لاشیں گلنے سڑنے کے عمل سے بچ جاتی ہیں۔
چھٹا سوال یہ ہے کہ کیا کوئی شخص دُم کے ساتھ بھی پیدا ہوا ہے؟ جواب یہ ہے کہ کچھ انسان دم کے ساتھ پیدا ضرور ہوئے ہیں لیکن پیدائش کے کچھ ہی دیر بعد یہ دم ختم کردی جاتی ہے۔ اسی طرح متعدد انسان اپنے دائیں یا بائیں ہاتھ یا دونوں ہاتھوں یا پھر ایک یا دونوں پیروں کی چھ چھ انگلیوں کے ساتھ بھی پیدا ہوتے ہیں۔
ساتواں سوال یہ ہے کہ کیا کچھ انسان سپر پاور کے ساتھ بھی پیدا ہوتے ہیں؟ جواب یہ ہے کہ کسی حد تک یہ بات درست ہے کیونکہ کچھ ایسے لوگ ضرور پیدا ہوئے ہیں جو زبردست جسمانی یا ذہنی صلاحیت رکھتے ہیں جن میں کچھ کا حافظہ انتہائی قابلِ رشک ہوتا ہے۔ کچھ چمگادڑوں کی طرح سمت کی اور کچھ رنگوں کی عام انسانوں سے کہیں زیادہ سوجھ بوجھ رکھتے ہیں۔
آٹھواں سوال یہ ہے کہ کیا انسان پانی میں بغیر کسی آلے کے سانس لے سکتا ہے؟ جواب یہ ہے کہ تکنیکی اعتبار سے تو ایسا ممکن نہیں لیکن کچھ معاملات میں مائع سانس کا استعمال کیا گیا جس میں کسی انسان نے آکسیجن سے بھرپور مائع اپنے جسم کے اندر لے کر سانس کی کمی پوری کرلی، جس پر مزید تحقیق جاری ہے۔
نواں سوال یہ ہے کہ کیا آواز کسی انسان کو ہلاک کرسکتی ہے؟ جواب یہ ہے کہ 180 سے 200 ڈیسیبل کے لگ بھگ آواز انسانون کیلئے مہلک ثابت ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں انسانی جسم میں پیدا ہونے والی شاک ویو موت کا باعث بن سکتی ہے۔
دسواں اور آخری سوال یہ ہے کہ کیا کائنات میں ایسے بھی ستارے موجود ہیں جن کی عمر خود کائنات سے بھی زیادہ ہے؟ جواب ہے کہ کچھ ستارے ایسے ہیں جو کائنات سے بھی پرانے لگتے ہیں جن میں ایچ ڈی 140283 شامل ہے اور سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ ہم ستاروں کی عمر کا اندازہ لگانے کے طریقوں میں کوئی غلطی کررہے ہیں، جس کی وجہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








