صدرِ مملکت کے دستخط سے بل قانون بن گیا، الیکشن ترمیمی ایکٹ کیا ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

الیکشن ترمیمی ایکٹ
(فوٹو: اے پی پی)

اسلام آباد: صدرِ مملکت کے دستخط سے بل قانون بن گیا، الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024کو گزٹ نوٹیفکیشن کیلئے سینیٹ سیکرٹریٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 پر دستخط کردئیے، جس کے بعد الیکشن ترمیمی بل کو باقاعدہ ایکٹ کی حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔ صدر نے گزشتہ شب الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 پر دستخط کیے تھے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے دستخط کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ کو بھجوائے گئے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کا گزٹ نوٹیفکیشن آج ہی جاری کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرتِ رائے کے ساتھ منظور کر لیا گیا تھا۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن اراکین نے بل کی منظوری پر شدید احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بل کی منظوری سے حکومت نے پارلیمنٹ کے ذریعے سپریم کورٹ پر حملہ کردیا ہے، یعنی ایک ادارہ سیاسی جماعت کچلنے کیلئے دوسرے ادارے پر حملہ آور ہوا ہے۔

الیکشن ترمیمی ایکٹ کیا ہے؟

پارلیمنٹ میں ترمیمی بل سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے کے بعد سامنے لایا گیا جس کے مطابق الیکشن کمیشن کو حکم دیا گیا کہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دی جائیں۔ ایکٹ میں پہلی ترمیم کے مطابق کوئی رکن اسمبلی سیاسی جماعت سے وابستگی کے پارٹی سرٹیفکیٹ کو بدل نہیں سکتا۔

قانون میں دوسری ترمیم یہ کی گئی ہے کہ مخصوص نشستیں حاصل کرنے کیلئے کوئی بھی سیاسی پارٹی اپنی فہرست بر وقت جمع کرواچکی ہو۔ پہلی ترمیم الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 66 میں متعارف ہوئی جبکہ دوسری سیکشن 104 میں متعارف کروائی گئی ہے۔

ملک کے آئینی سربراہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے دستخط کے بعد دونوں ترامیم کو منظوری کے بعد فوری نافذ کردیا گیا ہے جبکہ بل کی منظوری پر سراپا احتجاج چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

Related Posts