جماعتِ اسلامی کا دھرنا بجلی مزید مہنگی کروا کر ختم ہوا۔خالد مقبول صدیقی

تازہ ترین

تازہ ترین

جماعتِ اسلامی کا دھرنا
(فوٹو: آن لائن)

کراچی: سربراہ ایم کیو ایم (پاکستان) خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی کا دھرنا واحد دھرنا تھا جو بجلی مزید مہنگی کروا کر ختم ہوا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں قومی شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کے دوران خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کی دیواریں رنگین تو کئی بار ہوئیں مگر شہر کو سرسبز بنانے کی کوشش کبھی نہیں ہوئی۔ ملک کے پاس ایم کیو ایم کے سوا کوئی آپشن باقی نہیں ہے۔

خطاب کے دوران خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی پیغام دے رہا ہے کہ شہر چلانے کیلئے ایم کیو ایم کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ بانیانِ پاکستان کی اولادیں ہی ملک کو بچا اور چلا سکتی ہیں، اگر کراچی میں خوشحالی نہ پائی جائے تو ملک میں کسی بھی جگہ نہیں پائی جاتی۔

سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کی بدولت ملک کے حکمران پلتے ہیں مگر وہ پلٹ کر نہیں دیکھتے۔ ملک کے بجٹ کا 65فیصد حصہ کراچی دیتا ہے۔ جماعتِ اسلامی کا دھرنا سستی بجلی سے شروع ہوا جو بجلی مزید مہنگی کروا کر ہی ختم ہوا ہے۔

کیا گورنر سندھ کو تبدیل کیا جارہا ہے؟ ایسے ہی ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ کے متعلق فیصلہ ایم کیو ایم کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا۔

حال ہی میں جماعتِ اسلامی نے مہنگائی، بجلی کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف راولپنڈی میں جاری دھرنا حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے پر مؤخر کردیا تھا۔ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومتی نمائندوں نے پوری قوم کے سامنے اعلان کیا، تو وعدہ پورا کرنے کی توقع رکھتا ہوں۔

Related Posts