اسلام آباد: چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی جلسہ ملتوی کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا آج ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ جلسہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر ملتوی کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسے کا این او سی منسوخ کردیا گیا جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ریڈ زون کو سیل کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے نجی و سرکاری اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
آج سامنے آنے والی نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں نے احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ ایسی صورتحال میں جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پنجاب بھر میں سیاسی سرگرمیوں اور جلسے جلوس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیکریٹری داخلہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ جلسے جلوسوں پر پابندی 22 سے 24 اگست تک برقرار رہے گی۔ پابندی کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔ عوامی اجتماعات دہشت گردوں کا آسان ہدف ہوسکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








