اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں اسکول وین پر فائرنگ سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں اسکول وین پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی۔ واقعے کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسکول وین بھی زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر زخمی بچوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کا اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ زخمی اور جاں بحق بچوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی سے اسکول وین پر فائرنگ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ مریم نواز نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اٹک میں ایک پولیس تھانے کی عمارت تیز بارش کے دوران آسمانی بجلی گر جانے سے منہدم ہوگئی تھی۔ ماضی میں ہونے والے حادثے کے دوران تھانہ اٹک خورد کی عمارت کے ملبے تلے دبنے سے 5اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








