اسلام آباد: ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آجانے کے بعد وزارتِ خارجہ میں کرائسس مینجمنٹ یونٹ فعال کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آنے کے بعد ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کیا جس کے مطابق کرائسس مینجمنٹ یونٹ پاکستانی زائرین کے اہلِ خانہ کو 24 گھنٹے حادثے کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کا ذمہ دار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی زائرین کی معلومات کے حوالے سے اسلام آباد میں 0519207887 اور کراچی آفس میں 03009310095 یا 0332755663 نمبرز مشتہر کیے گئے ہیں جن پر حادثے کا شکار زائرین کے ورثاء معلومات کے حصول کیلئے رابطہ کرسکتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملنے پر ایران میں پاکستانی سفارت خانے نے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا تھا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ایرانی وزارتِ خارجہ اور یزد شہر کی مقامی حکومت سے صورتحال پر مکمل رابطہ ہے۔ زخمیوں کی مدد کیلئے اہلکار روانہ کیے گئے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ایران کے شہر یزد میں زائرین کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے مین؟ جاں بحق زائرین کی میتیں پاکستان بھیجنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 30 سے زائد زائرین جاں بحق ہوگئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








