آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر گمراہ کن سیریز ٹرمینیٹر زیرو کا قتل و غارت سے بھرپور خونریز ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔
نیٹ فلکس پر 29اگست کو پیش کی جانے والی اینی میٹڈ سیریز ٹرمینیٹر زیرو 8 اقساط پر مشتمل ہے جس کی مرکزی ہیروئن ملک بھر میں جاری قتل و غارت اور خونریزی سے عاجز آچکی ہے جو کشت و خون کے خلاف ہتھیار اٹھاتی ہے اور لوگوں کو اپنے ساتھ آنے کی دعوت دیتی ہے۔
ہیروئن کہتی ہے کہ مجھے قیامت روکنی ہے۔ میرے ساتھ چلو یا پھر مر جاؤ۔ نیٹ فلکس سیریز کو ٹیمودھی اولیفینٹ، روساریو ڈاؤسن، اینڈرے ہالینڈ، سونویا میزونو اور دیگر صداکاروں نے اپنی آواز سے نوازا ہے جو کارٹون اینی میشن کے ساتھ ساتھ مداحوں کا دل لبھاتی رہے گی۔
ماضی میں 1991 کی فلم ٹرمینیٹر 2 جج منٹ ڈے میں اداکار آرنلڈ شوارزینگر نظر آئے تھے۔ ٹرمینیٹر کا سلسلہ فلموں اور اینی میٹڈ سیریز دونوں ہی صورتوں میں انسانوں اور مشینوں کی جنگ پر مبنی ہے۔ اس کا مرکزی خیال یہ ہے کہ قیامت کے نزدیک مشینوں اور انسانوں کی جنگ ہوگی۔
کشت و خون سے بھرپور ٹریلر کو گزشتہ 11 گھنٹوں میں 2 لاکھ 77 ہزار سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے دیکھ لیا اور 15 ہزار یوٹیوب صارفین نے ٹریلر کو پسندیدگی کی سند عطا کردی۔ فلمسازوں کا کہنا ہے کہ ٹرمینیٹر زیرو کی کہانی 20 ویں اور 21 ویں صدی کے مختلف سالوں پر مرکوز ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








