کراچی میں ایک اور معصوم کلی کو مسل دیا گیا۔ شہر قائد کے علاقے صدر سے ننھی بچی کی لاش بوری میں بند برآمد ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بچی کی عمر نو سے 11 سال کے درمیان ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کی بھی تصدیق ہوگئی ہے۔
انتہائی افسوس ناک واقعے کا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعے میں ملوث مجرم کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سنگین جرم کے مرتکب شخص کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتی اور تشدد کے واقعات میں کچھ عرصے سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے لاہور کے ایک اسپتال میں صفائی کے ایک کارکن کی جانب سے معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کا واقعہ سامنے آیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








