لبنان کی ایرانی حمایت یافتی عسکری تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کا کہنا ہے کہ آج ہوئے حملے کے حوالے سے اسرائیل کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے، ہم نے جو منصوبہ بندی کی تھی سب کچھ اس کے مطابق ہوا ہے۔
حسن نصر اللہ نے حزب اللہ کمانڈر فواد شکر کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے اسرائیل پر سینکڑوں میزائل داغنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے جنوبی دحیہ پر حملہ کر کے فواد شکر اور متعدد شہریوں کو شہید کر دیا، جو کشیدگی کو بڑھانے کا بنیادی سبب تھا، اور آج یوم اربعین بھی ہے، لہٰذا ہم نے صیہونی حکومت کو جواب دینے کا فیصلہ کیا اور اسے آپریشن یوم اربعین کا نام دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے کہا گیا تھا جواب میں تاخیر صہیونی دشمن کی سزا کا حصہ ہے، لیکن دوسرا عنصر جنگ بندی کے مذاکرات اور صیہونیوں کو جواب دینے کے طریقہ پر اتفاق رائے تھا۔ ہمارے پاس مذاکرات کے لیے کافی وقت ہے کیونکہ اس محاذ اور اس کی قربانیوں کا مقصد غزہ کے خلاف جنگ کو روکنا ہے۔
حسن نصراللہ نے اسرائیل کو بڑی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر اسٹریٹیجک میزائل فائر کرنا نہیں چاہتے تھے، مستقبل قریب میں اسرائیل پر اسٹریٹیجک میزائل فائر کریں گے، اسرائیل نے ہمارے اسٹریٹیجک میزائل کی تباہی کا جھوٹ بولا، اسرائیل جانتا ہے کہ ہم نے یہ میزائل استعمال نہیں کیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








