کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

موسلا دھار بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح ہونے والی موسلا دھار بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں۔ بارش کا پانی جگہ جگہ جمع ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے تیز اور موسلا دھار بارش ہوئی۔ گلشنِ حدید، پپری، رزاق آباد اور اطراف کے علاقوں میں بارش ہوئی۔ صدر، کلفٹن، شارعِ فیصل اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی۔

شہرِ قائد کے دیگر علاقوں میں بھی صبح سویرے ہلکی پھلکی اور تیز بارش ہوئی جن میں ایف بی ایریا، گلبرگ، میٹرووِل سائٹ ایریا، بلدیہ اور ملیر شامل ہیں۔ قائد آباد، ائیرپورٹ اور اطراف میں بھی بارش ہوئی۔

مختلف علاقوں میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے گلی محلے دریا کا منظر پیش کرنے لگے۔ متعدد بس اسٹاپس پر پانی جمع ہونے کے باعث مسافروں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

متعدد علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ گٹر ابل پڑنے کے باعث بھی سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی پھلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ شہرِ قائد میں بارش سمندری طوفان اسنیٰ کے زیرِ اثر ہورہی ہے۔

 

Related Posts