تحریکِ انصاف کو اسلام آباد جلسے کیلئے این او سی پھر جاری، شرائط کا پلندہ تھما دیا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

تحریکِ انصاف
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان تحریکِ انصاف کو اسلام آباد جلسے کیلئے این او سی ایک بار پھر جاری کردیا گیا۔ شہری انتظامیہ نے اس سے قبل دیا گیا این او سی منسوخ کردیا تھا۔این او سی کیلئے شرائط کا پلندہ بھی تھما دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہری انتظامیہ نے اسلام آباد جلسے کیلئے پی ٹی آئی کو این او سی کے علاوہ روٹس بھی جاری کردئیے۔ نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ کے تحت جلسے کا اجازت نامہ صرف 8ستمبر کیلئے دیا جارہا ہے۔

اجازت نامے کے تحت منتظمین جلسے کے اندر شرکاء کے حفاظتی انتظامات کے خود ذمہ دار ہوں گے، جلسے کے دوران شرکائے جلسہ اور پی ٹی آئی قیادت کو سرکاری یا نجی املاک کو نقصان نہ پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری این او سی میں شرط عائد کی گئی ہے کہ جلسہ کسی بھی طرح اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔ شرکائے جلسہ کسی بھی سڑک کو بلاک نہیں کرسکیں گے۔

این او سی میں شرط عائد کی گئی ہے کہ جلسہ 4بجے شروع ہوگا اور 7بجے اختتام پذیر ہوجائے گا۔ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے شرکائے جلسہ کو منتشر کردیا جائے گا تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہ سکے۔

اسی طرح این او سی میں یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے ک شرکائے جلسہ ڈنڈے یا کوئی بھی ہتھیار نہیں رکھیں گے، نہ ہی ان کے پاس کوئی مہلک یا غیر مہلک فورس ہوگی۔ جلسے کے شرکاء تصادم یا تشدد کا حصہ نہیں بنیں گے۔

Related Posts