اوٹووا: کینیڈا میں پولیس نے پاکستانی نوجوان کو یہودیوں پر حملے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف نے 20 سالہ نوجوان کا نام محمد شاہ زیب بتایا۔
امریکی محکمہ انصاف کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ 20 سالہ محمد شاہ زیب یہودیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا، ملزم کو کینیڈا سے گرفتار کیا گیا۔ شاہ زیب نے مبینہ طور پر ایک خفیہ ایجنٹ کو بتایا تھا کہ وہ نیو یارک کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔
ملزم شاہ زیب نے خفیہ ایجنٹ سے کہا کہ وہ نیو یارک کو اس لیے نشانہ بنائے گا کیونکہ وہاں یہودیوں کی آبادی بہت زیادہ ہے۔ ملزم 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملوں کا ایک سال مکمل ہونے پر یہودیوں کو داعش کے نام پر قتل کرنے کی خواہش رکھتا تھا۔
محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ ملزم نے 4 ستمبر کو کینیڈا سے امریکا آمد کیلئے 3 مختلف گاڑیوں کا استعمال کیا۔ ملزم شاہ زیب کینیڈا کی سرحد سے 12 کلومیٹر اندر سے گرفتار ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر جرم ثابت ہوا تو شاہ زیب کو 20سال تک قید بھگتنا ہوگی۔
ملزم کا نام کیا ہے؟
فرانسیسی میڈیا (فرانس 24) کا کہنا ہے کہ محمد شاہ زیب خان کو بدھ کے روز گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم کو شاہ زیب جدون بھی کہا جارہا ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ نیو یارک پر دہشت گردی کے حملے میں زیادہ سے زیادہ یہودیوں کو قتل کرنا چاہتا تھا۔
گرفتاری کیسے ہوئی؟
امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم کینیڈین شراکت داروں اور ایف بی آئی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ ملزم نے سازشی عناصر کے ساتھ گفتگو میں یہ انکشافات کیے جو دراصل ہمارے خفیہ ایجنٹ تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








