اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ کو سیکریٹری خارجہ امور تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کا اطلاق 3روز بعد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بیلجیم اور یورپی یونین میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ کو سیکریٹری خارجہ امور تعینات کیا جس کا اطلاق 11ستمبر سے ہوگا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے کابینہ سیکریٹریٹ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
فارن سروس آف پاکستان کی گریڈ 22 کی آفیسر آمنہ بلوچ کو تبدیل کرکے انہیں سیکریٹری خارجہ امور تعینات کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آمنہ بلوچ اس وقت یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر کے عہدے پر تعینات ہیں۔
اس سے قبل محمد سائرس قاضی سیکریٹری خارجہ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ سائرس قاضی نے بطور سیکریٹری خارجہ اپنی ذمہ داریاں 17اگست 2023 کو سنبھالیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیکریٹری خارجہ سمیت سفیروں کے تقرر کی منظوری دے دی۔
آمنہ بلوچ کون ہیں؟
ایک نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کو وزیراعظم آفس کی جانب سے آمنہ بلوچ کی بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل تہمینہ جنجوعہ ملک کی پہلی خاتون سیکریٹری خارجہ کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں، آمنہ بلوچ یہ عہدہ حاصل کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون ہوں گی۔
بطور سفارت کار آمنہ بلوچ کو مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں سفارتی کام اور پاکستان اور دیگر ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ یہی نہیں، بلکہ آمنہ بلوچ بطور سفارت کار انتظامی امور چلانے کا بھی وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔
یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر بننے سے قبل آمنہ بلوچ ملائشیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے چین میں پاکستانی قونصل جنرل اور سری لنکا میں منسٹر قونصلر کے طور پر بھی فرائضِ منصبی انجام دئیے ہیں۔
تعلیم کی بات کی جائے تو آمنہ بلوچ نے تاریخ کے شعبے میں ماسٹرز کیا ہے اور 1991 سے پاکستان فارن سروس میں عہدہ حاصل کیا۔بطور سفارت کار اہم فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ آمنہ بلوچ ایک شادی شدہ خاتون ہیں جو اپنی دو بیٹیوں کی ذمہ داریاں بھی بخوبی نبھا رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








