پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ وہ طویل عرصے سے زیر علاج تھے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ شگفتہ اعجاز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے پیغام کے ذریعے مداحوں کو اپنے دوسرے شوہر کے انتقال کی افسوسناک خبر سے آگاہ کیا۔ شگفتہ اعجاز نے یحییٰ صدیقی کی تصویر شیئر کی اور بتایا کہ انتقال جمعرات کے روز ہواہے۔
پی ٹی وی سمیت مختلف ٹی وی چینلز پر اداکاری کرنے والی شگفتہ اعجاز کی دنیا ایک بار پھر اجڑ گئی۔ اداکارہ نے شوہر کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی مغفرت کیلئے دعا کرنے اور سورۃ الفاتحہ پڑھنے کی درخواست کی۔ یحییٰ صدیقی کا علاج کئی روز سے جاری تھا۔
واضح رہے کہ اداکارہ شگفتہ اعجاز نے متعدد ٹی وی سیریلز میں اپنی اداکاری سے عوام کے دلوں پر گہری چھاپ چھوڑی ہے۔ ان کے شوہر یحییٰ صدیقی گزشتہ 5سال سے سرطان کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ حال ہی میں اپنے وی لاگ میں بھی اداکارہ شگفتہ اعجاز نے ان کی طبیعت کی ناسازی کا بتایا تھا۔
شگفتہ اعجاز کا شمار ٹی وی انڈسٹری کی سینئر اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جس نے عوام سے اپنے ہر کردار کیلئے داد وصول کی۔ یحییٰ صدیقی سے شگفتہ اعجاز کی دوسری شادی ہوئی تھی، یہ یحییٰ صدیقی کی بھی دوسری شادی تھی اور دونوں اپنی اپنی پہلی شادی سے دو دو بچوں کے والدین پہلے ہی بن چکے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








