ورلڈ کپ میں پاکستان کا بھارت کے ساتھ مقابلہ، جیت ہماری ہوگی، فاطمہ ثنا

تازہ ترین

تازہ ترین

فاطمہ ثنا
(فوٹو: جیو نیوز، آن لائن)

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے پاکستان کے بھارت کے ساتھ مقابلے کے تناظر میں کہا ہے کہ ہمیں اس دن اچھا کھیلنا ہوگا، جیت ہماری ہوگی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے دبئی روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ آسٹریلیا جیسی ٹیم کے خلاف کھیلیں تو اپنا بہترین دینے کا خیال ذہن میں ہونا چاہئے، آخری بار ہم بھارت سے ہار گئے تھے لیکن اس سے قبل ہم جیتے بھی تھے۔

گفتگو کے دوران کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ بھارت کے ساتھ پاکستان کا مقابلہ اچھا رہتا ہے، ہمیں اس دن اچھا کھیلنا ہوگا تو جیت ہماری ہوگی۔ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہم پر بڑی ٹیموں کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ بڑی ٹیموں کے خلاف تگڑ کھیل پیش کرنا ہوگا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے آج دبئی پہنچنے والی قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ مجھ پر کپتانی کے باعث کوئی پریشر نہیں، ماضی میں بھی کپتانی کی ہے، مجھے ٹیم مینجمنٹ کے علاوہ ساتھی کھلاڑیوں کی بہت حمایت حاصل ہے، اس لیے کچھ مختلف نہیں۔

فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہونا چاہئے کہ ہم اچھا کھیلیں گے، یہی چیز آگے لے کر چلنا ہوگا، جب اچھی ٹیم کے خلاف کھیلنا ہوتا ہے تو کھیل بھی تگڑا ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 3 اکتوبر سے دبئی اور شارجہ میں کھیلا جائے گا جس میں تمام اہم ٹیمیں شریک ہوں گی۔

 

Related Posts