بالی ووڈ اداکار گووِندا نے خود کو گولی مار لی ہے جس کے بعد آج صبح فوری طور پر معروف سیاست دان گووِندا کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلم اسٹار گووِندا نے اپنے لائسنس یافتہ ریوالور سے خود کو گولی مار لی، بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صبح 4 بج کر 45 منٹ کے قریب پیش آیا جب گووِندا کے ہاتھ سے گولی چلی، زخمی ہونے پر گووِندا کو ممبئی کے ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گووِندا کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے اتفاقی طور پر اپنے ریوالور پر اپنی ہی ٹانگ پر گولی چلا دی تھی جس کے نتیجے میں گووِندا زخمی ہوگئے۔ اتفاقیہ گولی چلنے سے زخمی گووِندا کے خاندان اور ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
آج صبح سویرے گووِندا کو بھارتی شہر کلکتہ روانہ ہونا تھا جنہیں ریوالور کا معائنہ کرنے کے دوران اپنی ہی غلطی کے باعث گولی لگی، تاہم ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گووِندا کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے گووِندا کا ریوالور قبضے میں لےکر تفتیش شروع کردی۔
معروف فلم اسٹار گووِندا نے 90 کی دہائی میں فلم نگری پر راج کیا اور ایک سے ایک ہٹ فلمز دے کر بالی ووڈ میں منفرد مزاحیہ اداکار کی حیثیت سے بڑا نام پیدا کیا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فلم بینوں اور ڈائریکٹرز نے گووِندا کو بھُلا دیا تھا اور انہیں کام ملنا بند بھی ہوگیا تھا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گووِندا کے جسم سے گولی نکال دی گئی ہے اور اب ان کی حالت پہلے سے بہت بہتر ہے۔ گووِندا نے بالی ووڈ کو بے شمار بلاک بسٹر فلمز دیں جن میں کولی نمبر 1، حسینہ مان جائے گی، ساجن چلے سسرال، راجا جی اور پارٹنر جیسی کامیڈی فلمز شامل ہیں تاہم سنجیدہ کرداروں میں بھی گووِندا کی اداکاری کا کوئی جواب نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








