‘سب سے پہلے مولانا فضل الرحمن سے ملوں گا’ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی سربراہ جے یو آئی سے ملاقات

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو پاک میڈیا

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی ہے۔

 ڈاکٹر ذاکر نائیک مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے فارق نائیک بھی تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے مہمان کو گلدستہ پیش کیا اور تحائف دیے، ڈاکٹر ذاکرنائیک نے انہیں پرفیوم کا تحفہ دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر ہمارے گھر کو رونق بخشی، ڈاکٹر صاحب جیسے سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے، کئی لوگ ان کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حسین چہرے سے دنیا کو روشناس کرانا اور امت مسلمہ کا اتحاد واتفاق مشترکہ ہدف ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان سے ملاقات میری دلی تمنا تھی جو آج پوری ہوئی، کل کچھ دوست ملنے آئے میں نے کہا سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کروں گا، پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک سب سے اہم پیشہ ڈاکٹری کا تھا، قرآن کریم کا ترجمہ پڑھا تو معلوم ہوا سب اچھا پیشہ دعوت کا ہے، امت مسلمہ کو اختلافات بھلا کر قرآن و سنت کی روشنی میں متحد ہونے کی ضرورت ہے، میرے تبلیغی کام کا مقصد دنیا میں اسلام کاامن ومحبت کے حقیقی پیغام اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کی اقتدا میں نماز مغرب ادا کی۔

Related Posts