تحریک انصاف کے احتجاج سے قبل ملک میں انٹرنیٹ، موبائل سروس معطل

تازہ ترین

تازہ ترین

Mobile and internet services suspended for two days

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج سے قبل اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پاکستان کے کئی شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر پاکستان تحریک انصاف کی احتجاج کی کال سے قبل جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں سروس معطل کردی گئی ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ کراچی میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل ہے جس کی وجہ سے سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اس سے قبل آج پنجاب حکومت نے سیاسی اجتماعات، احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں پر پابندی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد صوبے کے چار شہروں میں رینجرز اہلکار تعینات کر دیے۔

لاہور، راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ اس کے علاوہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

لاہور میں پنجاب حکومت نے 5 اکتوبر کے لیے خصوصی طور پر رینجرز کی تین کمپنیوں کی خدمات طلب کر لی ہیں۔

دفعہ 144 راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں 4 اکتوبر (آج) جمعہ سے 6 اکتوبر بروز اتوار تک تین روز تک نافذ رہے گی۔

پابندیاں لگانے اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کی کال کے جواب میں اسلام آباد پولیس نے مظاہرین کی گرفتاری کے لیے سات ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی خصوصی ٹیم 15 سے 17 پولیس اہلکاروں اور افسران پر مشتمل ہوگی۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یہ ٹیمیں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پیز) کی قیادت میں کام کریں گی، ہر ٹیم کی سربراہی سب انسپکٹر رینک کا افسر کرے گا۔

Related Posts