کراچی: سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ اور بیٹے عواب علوی نے کراچی میں اپنا ڈینٹل کلینک سیل کیے جانے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
سابق صدر کے اہل خانہ نے کراچی کے پوش علاقے سندھی مسلم سوسائٹی میں واقع اپنے ڈینٹل کلینک کو ڈی سیل کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی کو خالصتاً سیاسی بنیادوں پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سیاسی انتقام کی کارروائی کے طور پر کلینک کو سیل کیا۔
درخواست میں مزید بتایا گیا کہ ڈینٹل کلینک کئی سالوں سے کام کر رہا ہے، سیل کرنے سے قبل کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، جو کہ ایک غیر قانونی اقدام ہے۔
جمعرات کی رات سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سابق صدر پاکستان عارف علوی کے ڈینٹل کلینک کو سیل کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ڈینٹل کلینک مبینہ طور پر ایک رہائشی بنگلے میں قائم کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے یہ کارروائی ہوئی۔کارروائی اسسٹنٹ ڈائریکٹر شکیل جمالی کی نگرانی میں کی گئی۔
ایس بی سی اے کے مطابق رہائشی علاقے میں کلینک کے آپریشن نے عمارت کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے اسے بند کر دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








