کراچی، ڈی ایس پی علی رضا کے قتل میں ملوث 2ملزمان سی ٹی ڈی مقابلے میں ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈی ایس پی

کراچی میں ڈی ایس پی علی رضا کے قتل میں ملوث 2 ملزمان محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سے پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگئے ہیں۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ میح محکمہ انسدادِ دہشت گردی نے کارروائی کی۔ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا کے قتل میں ملوث 2ملزمان مقابلے کے دوران مارے گئے جن کی شناخت قاسم رشید اور عثمان کے ناموں سے ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ انسدادِ دہشت گردی کا دعویٰ ہے کہ سی ٹی ڈی پولیس مقابلے میں ہلاک دہشت گردوں نے رواں برس ڈی ایس پی علی رضا کو کراچی کے علاقے ایف بی ایریا کریم آباد میں شہید کردیا تھا۔ موجودہ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے ہلاکت کی تصدیق کی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈی ایس پی راجہ عمر خطاب نے کہا کہ ہم نے جاں بحق سی ٹی ڈی افسر علی رضا کی ریکی کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا جن کی نشاندہی پر شیر شاہ میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی، شہید ڈی ایس پی پر براہِ راست فائرنگ کرنے والے دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان پر 35 مقدمات درج تھے جن میں سے 25 قتل کے کیسز ہیں، ہلاک ملزمان دہشت گرد گروہ لشکرِ جھنگوی سے تعلق رکھتے تھے جو اب ٹی ٹی پی میں شامل ہوچکے تھے اور ان کی گرفتاری میں مدد دینے پر 50لاکھ روپے انعامی رقم بھی رکھی گئی تھی۔

کریم آباد میں رواں برس جولائی کے دوران موٹر سائیکل پر سوار دو دہشت گردوں نے ڈی ایس پی علی رضا کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی شہید اور ان کا محافظ شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کے فوری بعد دونوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

Related Posts