لاہور: ہنی ٹریپ کیس میں ملزمہ آمنہ عروج کے وکیل نے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر پر بلیک میلنگ اور حبسِ بے جا میں رکھنے سمیت دیگر الزامات کی بارش کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کے وکیل کو تیاری کیلئے مہلت دے دی گئی۔ ہائیکورٹ میں ہنی ٹریپ کیس کی ملزمہ آمنہ عروج اور ساتھی ملزم یاسر علی کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کی گئی۔
ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران خلیل الرحمٰن قمر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ خلیل الرحمٰن قمر ملزمہ کو بلیک میل کر رہے تھے۔
دورانِ سماعت وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے ملزمہ آمنہ عروج اور یاسر علی کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری خارج کردی ہے۔ ملزمہ کو خلیل الرحمٰن قمر کا ناجائز مطالبہ پورا کرنے کیلئے بلیک میلنگ کی گئی۔
وکیل نے کہا کہ خلیل الرحمٰن قمر کی ملی بھگت سے مقامی پولیس نے آمنہ عروج کے انکار پر ملزمہ کو کیس میں نامزد کیا، ایف آئی آر واقعے کے 4 روز بعد درج ہوئی جس سے استغاثہ کا کیس متاثر ہوتا ہے۔ پولیس اور خلیل الرحمٰن قمر نے آمنہ عروج کو غیر قانونی حراست میں رکھا۔
انہوں نے کہا کہ آمنہ عروج کی والدہ نے 15 پر کال کی تھی جس پر ملزمہ کو ماڈل ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ آمنہ عروج کے خلاف کوئی بھی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ لاہور ہائیکورٹ ان کی درخواستِ ضمانت منظور کرے۔ عدالت نے خلیل الرحمٰن قمر کے وکیل کو تیاری کا کہتے ہوئے سماعت 22اکتوبر تک ملتوی کردی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








